news
حلیم عادل شیخ کی سندھ حکومت پر کرپشن اور نااہلی کے الزامات
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سندھ اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے حالیہ بارشوں کے بعد شہر کی ابتر صورتحال پر سندھ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کی بارش نے کراچی کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا، سڑکیں جھیلوں میں بدل گئیں، لاکھوں گاڑیاں پھنسی رہیں اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا، لیکن سندھ حکومت، پیپلز پارٹی کی کے ایم سی اور بلدیاتی ادارے کہیں دکھائی نہیں دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹھارہ سال کی کرپشن اور نااہلی نے کراچی کو اس حال پر پہنچا دیا ہے جبکہ حکمران عیاشیوں میں مصروف رہے، عوام اپنی مدد آپ کے تحت مشکلات سے نمٹتے رہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے نمائندے اور تنظیمی کارکنان عوام کے درمیان موجود رہے اور خدمت کی۔ حلیم عادل شیخ کے مطابق کل کی بارش نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی کراچی دشمن جماعت ہے، جسے عوام کی مشکلات اور شہر کی تباہی سے کوئی غرض نہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ بارش ہوئی، جس میں گلشن حدید میں سب سے زیادہ 170 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اولڈ ایئرپورٹ ایریا میں 158 اور جناح ٹرمینل پر 152.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش کے بعد شہر کے کئی علاقے ڈوب گئے، یہاں تک کہ شارع فیصل بھی پانی میں ڈوب گئی جہاں گاڑیاں تیرتی نظر آئیں۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شارع فیصل کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ برساتی نالے صاف ہیں اور پانی کی نکاسی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج اور کل مزید بارش اور اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر میں عام تعطیل کا اعلان کیا اور شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔