news
ماہرہ خان کا سیلاب اور بارشوں سے جڑا خوفناک ذاتی تجربہ
پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران پیش آنے والا اپنا خوفناک تجربہ شیئر کیا ہے۔ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری میں انہوں نے بتایا کہ نتھیا گلی سے واپسی کے وقت انہیں مسلسل یہ خوف لاحق رہا کہ کہیں لینڈ سلائیڈنگ یا اچانک آنے والا سیلابی ریلا انہیں اپنی لپیٹ میں نہ لے لے۔ ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ راستے میں وہ بار بار بے بسی محسوس کر رہی تھیں اور ان کا ذہن بار بار ان ہزاروں متاثرین کی طرف جاتا رہا جو ان دنوں بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہو کر اپنی زندگیاں اور گھر بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ اداکارہ نے لکھا کہ قدرتی آفات کے سامنے انسان کتنا بے بس ہوجاتا ہے، یہ انہیں اب بخوبی سمجھ آیا ہے۔ ماہرہ خان نے تباہ کن بارشوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خدا سے رحم اور حفاظت کی دعا بھی کی۔ واضح رہے کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں اور سیلاب کے باعث خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں 400 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ سندھ اور کراچی میں اربن فلڈنگ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔