news
عمران خان نے محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر محمود خان اچکزئی کو نامزد کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران پارٹی رہنماؤں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا، جبکہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے لیے مزید مشاورت کی ہدایت دی۔ اس وقت اعظم سواتی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے سب سے مضبوط امیدوار سمجھے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت کی سزا کے باعث عمر ایوب اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے محروم ہوگئے اور انہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت تمام قائمہ کمیٹیوں سے بھی ہٹا دیا گیا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ان اور شبلی فراز کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز کے لیے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پی ٹی آئی وفد نے گزشتہ ہفتے مولانا فضل الرحمان سے دو اہم ملاقاتیں کیں جن میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ دونوں ایوانوں میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کا حق ہے اور وہ پارلیمان میں اپوزیشن کو متحد دیکھنا چاہتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے ملک کو درپیش بحرانوں کے حل کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔