news
خیبرپختونخوا اور پنجاب میں طوفانی بارشیں، کلاﺅڈ برسٹ، سیلابی ریلے سے تباہی
ملک میں مون سون سیزن کے ایک اور طاقتور اسپیل نے خیبرپختونخوا، پنجاب اور شمالی علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ صوابی کی تحصیلوں رزڑ، لاہور اور ٹوپی میں کلاﺅڈ برسٹ اور طوفانی بارشوں سے درجنوں گھر ڈوب گئے جبکہ 70 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ نوشہرہ میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے، جبکہ پشاور، سوات، ایبٹ آباد اور ہری پور میں ندی نالوں میں طغیانی اور سڑکیں ڈوبنے سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ پنجاب کے ملتان، چکوال، وہاڑی اور ڈیرہ غازی خان سمیت کئی اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ مری میں بھی گلیاں اور سڑکیں ڈوب گئیں۔ کراچی میں صبح سویرے ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوا مگر محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے 23 اگست تک مزید کلاﺅڈ برسٹ اور شدید بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو دریا کے کناروں اور سیاحتی مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔