news
مارکو روبیو کا انڈیا اور پاکستان کی جنگ بندی پر بیان
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے واشنگٹن مسلسل سرحدی سرگرمیوں کی نگرانی کرتا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ جنگ بندی برقرار رکھنا ایک مشکل امر ہے اور یہ تیزی سے ٹوٹ سکتی ہے، جیسا کہ یوکرین کی جنگ کے دوران دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک پائیدار امن معاہدے تک پہنچنا ہے تاکہ حال اور مستقبل میں جنگ نہ ہو۔ روبیو نے کمبوڈیا، تھائی لینڈ، روانڈا اور ڈی آر سی سمیت مختلف خطوں میں امریکی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امن کی بحالی کو اپنی ترجیح بنایا ہے۔ دوسری جانب، صدر ٹرمپ کئی بار دعویٰ کر چکے ہیں کہ ان کی ثالثی سے انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی ہے، تاہم نئی دہلی مسلسل ان دعوؤں کو مسترد کرتا رہا ہے اور واضح کیا ہے کہ کسی تیسرے ملک نے اس میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔