news
وزیراعظم شہباز شریف: سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کے لیے مکمل تعاون اور مدد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرہ افراد کو کسی بھی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گی۔ اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم کو متاثرین کی مدد کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی ٹیم پشاور پہنچ گئی ہے جو خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہی ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق، ادارہ صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کو مکمل معاونت فراہم کر رہا ہے اور امدادی سامان بھی پہنچایا جا رہا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور تمام کارروائیوں کی نگرانی کر رہا ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ شمالی علاقہ جات میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ آئندہ پانچ سے چھ روز تک شمالی علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔