news
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سیلاب متاثرین کیلئے خصوصی ہدایات
خیبرپختونخواہ میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک فوج کو متاثرین کی فوری بحالی کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حکم پر صوبے میں تعینات فوجی دستوں کو ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اضافی فوجی دستے بھی متاثرہ علاقوں میں روانہ کیے جا رہے ہیں۔ کور آف انجینئرز کو سیلاب سے متاثرہ پلوں کی مرمت اور ضرورت پڑنے پر عارضی پل قائم کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ فوجی ہیلی کاپٹرز اور آرمی ایوی ایشن پہلے ہی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جب کہ 9 یونٹ کے ریسکیو سنیفنگ ڈاگ یونٹ اور اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب پاک فوج نے اپنی ایک دن کی تنخواہ اور ایک دن کا راشن سیلاب متاثرین کے لیے مختص کر دیا ہے۔ عطیہ کیے جانے والے راشن کا تخمینہ 600 ٹن سے زائد لگایا جا رہا ہے، جسے متاثرہ اضلاع میں فوری طور پر تقسیم کیا جائے گا۔