news
بلیک ہول کے ہاتھوں ستارے کی موت — نئی قسم کا سپرنووا دریافت
واشنگٹن — ماہرینِ فلکیات نے ایک غیر معمولی اور تباہ کن کائناتی واقعہ دریافت کیا ہے، جس میں ایک بڑا ستارہ اپنے بلیک ہول ساتھی کے ہاتھوں موت کے گھاٹ اتر گیا۔ تحقیق کے مطابق یہ ایک نئی قسم کا سپرنووا تھا، جو اس وقت وقوع پذیر ہوا جب بلیک ہول نے اپنے قریب موجود ستارے کا مادہ مسلسل کھینچ کر اسے عدم استحکام میں مبتلا کیا اور بالآخر دھماکے سے تباہ کر دیا۔ یہ نظام ابتدا میں دو بڑے ستاروں پر مشتمل تھا، جن میں سے ایک اپنی طبعی عمر کے اختتام پر بلیک ہول میں بدل گیا، جبکہ دوسرا کئی سال تک اس کی کششِ ثقل کے حصار میں رہا۔ دھماکہ زمین سے تقریباً 700 ملین نوری سال دور ہوا اور اس میں ایک سیکنڈ میں سورج کی پوری عمر کے دوران خارج ہونے والی توانائی سے بھی زیادہ توانائی خارج ہوئی۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ دریافت اس بات کا ثبوت ہے کہ بلیک ہول اپنے ساتھی ستاروں کی موت کے عمل کو ڈرامائی طور پر بدل سکتے ہیں، اور یہ بڑے ستاروں کے خاتمے کے بارے میں ایک نیا نظریہ پیش کرتی ہے۔