news

خیبرپختونخوا ہیلی کاپٹر حادثہ: 3 شہادتیں، بارشوں اور سیلاب سے 79 اموات

Published

on

بونیر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی مشن کے دوران خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر افسوسناک حادثے کا شکار ہوگیا، جس میں پائلٹ سمیت تین افراد شہید ہوگئے۔ حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر متاثرہ دیہات میں امدادی سامان پہنچانے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم واپسی پر ممکنہ فنی خرابی یا خراب موسم کے باعث پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت علاقے میں شدید بارش اور دھند چھائی ہوئی تھی، جس سے ریسکیو آپریشن مزید مشکل ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور دیگر اعلیٰ حکام نے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی اور تحقیقات کا حکم دیا۔

دوسری جانب، حالیہ شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں نے خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تباہی مچا دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف حادثات اور قدرتی آفات میں مجموعی طور پر 79 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی اور سینکڑوں لاپتہ ہیں۔ صرف خیبرپختونخوا کے اضلاع بٹگرام، باجوڑ اور مانسہرہ میں بادل پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 60 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں 40 مرد، 12 بچے اور 8 خواتین شامل ہیں، جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے۔ بارشوں اور فلش فلڈ سے 35 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 7 مکمل اور 28 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔ سب سے زیادہ نقصان باجوڑ اور بٹگرام میں ہوا جہاں ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version