news
اسٹیٹ بینک نے برآمدی ترسیلات پر 3 فیصد جرمانہ ختم کر دیا
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے برآمدکنندگان کے غیرملکی خریداروں سے برآمدات کے عوض 60 روز کے بعد موصول ہونے والی ترسیلات پر عائد 3 فیصد ماہانہ جرمانہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ فیصلہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سینئر وائس چیئرمین جاوید جیلانی، رفیق سلیمان، مہیش کمار، حسب روف، شاہد میمن، مہیب مولوی، فیصل غریب اور سید بدرالدین پر مشتمل وفد کی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد سے ملاقات میں کیا گیا۔ اجلاس میں برآمدکنندگان کو ایکسپورٹ ری فنانس اور ایکسپورٹ فیسیلٹیشن اسکیم کے تحت بینک لمٹس کی عدم دستیابی، شپنگ لائنز کی جانب سے زیادہ فریٹ ریٹس اور لبنان بیروت میں پھنسے رائس ایکسپورٹرز کے فنڈز سمیت کئی مسائل پر بات چیت ہوئی۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے متعلقہ معاملات پر فوری کارروائی اور حل کی یقین دہانی کرائی۔