news
اسحاق ڈار کا بزنس کمیونٹی سے خطاب
لاہور میں لیک سٹی گولف کلب میں یومِ پاکستان اور معرکۂ حق کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو اعزازات پیش کیے گئے۔ تقریب سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ غیر مناسب سیاست کا سب سے بڑا نقصان قوم کو ہوتا ہے، اور سیاسی تبدیلی کے ساتھ معاشی پالیسیوں میں تبدیلی نہیں آنی چاہیے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کو صدر، وزیراعظم اور نواز شریف کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بطور سابق صدر لاہور چیمبر وہ کاروباری طبقے کے مسائل بخوبی سمجھتے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ چارٹر آف اکانومی کی کوشش کی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بننے جا رہا تھا لیکن 2017 میں پیدا کی گئی سیاسی صورتحال نے ترقی کا سلسلہ روک دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پچھلے چار سالوں میں معیشت کو شدید نقصان پہنچایا گیا اور پی ٹی آئی حکومت کے دور میں طالبان کو بسایا گیا، مگر جیسے ماضی میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا، ویسا ہی دوبارہ کیا جائے گا۔