news
پاکستان کا 78واں یوم آزادی، برج خلیفہ پر سبز ہلالی پرچم
پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر دبئی کی سب سے بلند عمارت برج خلیفہ پر سبز ہلالی پرچم آویزاں کر کے پاکستانی عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا، جسے دیکھنے کے لیے پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شہروں، گلیوں اور شاہراہوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ اس موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی فرائض سنبھالے، جن میں 4 خواتین کیڈٹس بھی شامل تھیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور تصور اقبال نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی جہاں پنجاب رینجرز نے پاکستان آرمی کو چارج منتقل کیا۔