news
وزیراعظم کا 79واں یوم آزادی پر قوم سے خطاب
وزیراعظم شہباز شریف نے 79ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں پاکستان کی شاندار فتح نے اس دن کی اہمیت کو دوچند کر دیا اور قوم میں ایک نئی امنگ پیدا کی ہے۔ انہوں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ، علامہ اقبالؒ اور تحریک آزادی کے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ایک نظریاتی ریاست کے قیام کے خواب کو حقیقت بنایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزرے 78 سال آزمائشوں، کامیابیوں اور قربانیوں کی داستان ہیں جن میں پاکستان نے معیشت، دفاع، کھیل اور آئی ٹی سمیت ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے 6 سے 10 مئی 2025 کے دوران معرکہ حق میں دشمن کو شکست دینے پر مسلح افواج کی بہادری اور عسکری مہارت کو سراہا اور اس فتح کو دو قومی نظریے کی سچائی قرار دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور خطے میں پرامن بقائے باہمی اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں کمی اور معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں اور طبقات کو اتحاد و اتفاق کے ذریعے قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔