news
اڈیالہ جیل کے قریب علیمہ خان اور نورین خان گرفتار
پنجاب پولیس نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں، علیمہ خان اور نورین خان، کو اڈیالہ جیل کے قریب ناکے سے گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے تحریک انصاف کے کئی کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا اور علیمہ و نورین خان کو چکری انٹرچینج کی جانب منتقل کر دیا۔ اس سے قبل علیمہ خان، وکیل سلمان اکرم راجا اور دیگر کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دے رہی تھیں، کیونکہ ملاقات کا دن ہونے کے باوجود عمران خان سے ان کی ملاقات نہیں کروائی گئی۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جب تک ملاقات نہیں ہوتی، وہ جیل کے باہر بیٹھی رہیں گی۔ ماضی میں بھی ایک موقع پر ملاقات نہ ہونے پر دھرنے کے بعد انہیں گرفتار کر کے رات کے وقت چکری کے قریب چھوڑا گیا تھا۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے اس معاملے پر قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کیا، اور اسد قیصر نے دھمکی دی کہ اگر ملاقات نہ کرائی گئی تو اجلاس کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔