news
خیبر پختونخوا میں جدید پراونشل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سنٹر کا افتتاح
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے محکمہ داخلہ کے نو قائم شدہ پراونشل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سنٹر (پیفٹیک) کا افتتاح کیا، جو 210 ملین روپے کی لاگت سے صرف دو ماہ میں مکمل کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق خیبر پختونخوا اس نظام کو قائم کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ ہے، جو وفاقی سطح پر نیفٹیک سے منسلک ہوگا۔ پیفٹیک میں ایف آئی اے، نادرا، پی ٹی اے اور انٹیلیجنس اداروں سمیت 14 محکمے ایک مربوط ڈیجیٹل نظام کے تحت جڑے ہوں گے، جبکہ صوبے کے تمام 36 اضلاع کی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں بھی براہ راست اس سنٹر سے منسلک ہوں گی۔ اس نظام کے ذریعے ملک بھر میں رئیل ٹائم انٹیلیجنس شیئرنگ اور دہشت گردی کے خلاف بروقت و مؤثر کارروائی ممکن ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے اسے دہشت گردی کے تدارک کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ اس جنگ میں حکومت، عوام اور ادارے سب کو ایک صف میں کھڑا ہونا ہوگا۔