کھیل
گل نور تمبت ’’کے ٹو‘‘ سر کرنے والی پہلی ترک خاتون کوہ پیما بن گئیں
ترک کوہ پیما گل نور تمبت نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’’کے ٹو‘‘ سر کر لی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ترک خاتون بن گئیں۔ وہ رواں سال جون میں پاکستان پہنچی تھیں اور جولائی میں سخت موسمی حالات کے باعث کئی کوہ پیماؤں کی بیس کیمپ سے واپسی کے باوجود اپنے مشن پر قائم رہیں۔
ترچ میر کی چوٹیوں کو سر کرنے کے بعد انہوں نے 11 اگست کو شام 4 بجے ’’کے ٹو‘‘ کی چوٹی پر کامیابی سے قدم رکھا۔ گل نور نے انسٹاگرام پر اپنی کامیابی کی اطلاع دیتے ہوئے چوٹی پر کھنچوائی گئی تصویر شیئر کی اور اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ وہ اس سے قبل نیپال کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی ترک خاتون کا اعزاز بھی حاصل کر چکی ہیں۔