news
عمران خان کے طبی معائنے کی درخواست
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور پیٹرن انچیف عمران خان کے جیل میں وزن کم ہونے اور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کے خدشے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں طبی معائنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ یہ درخواست عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی جانب سے دی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 72 سالہ عمران خان کا باقاعدہ طبی معائنہ ضروری ہے۔ درخواست میں پنجاب حکومت، آئی جی جیل خانہ جات، جیل اسپتال اور شوکت خانم ہسپتال کو فریق بنایا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ شوکت خانم کی طبی ٹیم کو ماہانہ بنیاد پر معائنہ کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس دوران سپریم کورٹ نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی اپیلوں کو 12 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے، جس کے لیے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔ ادھر توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں مقرر سماعت ملتوی کر دی گئی اور عدالت نے بتایا کہ اس کیس کی نئی تاریخ جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں دی جائے گی۔