news
رانا ثنااللہ کی پی ٹی آئی کو 14 اگست کو احتجاج نہ کرنے کی اپیل
وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے پاکستان تحریک انصاف سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز 14 اگست کے بجائے کسی اور دن کریں، کیونکہ یہ یومِ آزادی ہے جسے پوری قوم یکجا ہو کر منانا چاہتی ہے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا حق ہے مگر اس دن ایسا کرنا افسوسناک ہوگا اور قومی روایات کے خلاف ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اپوزیشن اپنی تحریک 13، 15 یا 16 اگست کو شروع کرے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اعلان کیا تھا کہ تحریک کا دوسرا مرحلہ 14 اگست سے شروع ہوگا، جس کے بعد سندھ کا رخ کیا جائے گا۔ انہوں نے موجودہ نظام کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں عملاً مارشل لاء نافذ ہے، اور وکلاء 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف تحریک شروع کر رہے ہیں۔ اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے مقدمات میرٹ پر سنے جائیں اور اسمبلی اراکین کے اختیارات کا احترام کیا جائے، بصورت دیگر ملک شدید انارکی کی طرف جا سکتا ہے۔