news
اسد قیصر کی قوم سے معافی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اعتراف کیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دینا ان کی سب سے بڑی غلطی تھی اور اس پر وہ قوم سے معافی مانگتے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ آئندہ وہ کسی ایسے فیصلے کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں موجودہ نظام نہ آئینی ہے اور نہ قانونی بلکہ عملاً مارشل لاء نافذ ہے۔ انہوں نے 27ویں آئینی ترمیم کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف وکلاء تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے اور پارلیمان کے اندر اور باہر ہر فورم پر اس کا مقابلہ کیا جائے گا۔ اسد قیصر نے واضح کیا کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے ان کے نام کی بات درست نہیں، امید ہے عمر ایوب جلد واپس آ کر یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے کیسز میرٹ پر سنے جائیں، اسمبلی ارکان کا استحقاق بحال کیا جائے اور جیلوں کے دورے پر پابندی غیر قانونی قرار دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بیشتر فیصلے انتظامیہ کے دباؤ پر کیے جا رہے ہیں اور اگر حالات ایسے ہی رہے تو ملک شدید انارکی کی طرف جا سکتا ہے۔