news
آذربائیجان اور آرمینیا کا وائٹ ہاؤس میں تاریخی امن معاہدہ، ٹرمپ کی میزبانی
آذربائیجان اور آرمینیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں وائٹ ہاؤس میں ایک تاریخی امن معاہدے پر دستخط کیے، جسے آذربائیجان اور آرمینیا دونوں ممالک کے درمیان 35 سالہ تنازع کے خاتمے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور آرمینیا کے وزیر اعظم نیکول پشینیان نے معاہدے پر دستخط کے بعد مصافحہ کیا، جبکہ ٹرمپ نے اس موقع کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب دونوں ممالک طویل عرصے تک دوست رہیں گے۔ معاہدے کے تحت لڑائی کا خاتمہ، سفری اور تجارتی تعلقات بحال کرنے اور اہم ٹرانسپورٹ راستے دوبارہ کھولنے پر اتفاق ہوا، ساتھ ہی توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے دو طرفہ معاہدہ بھی ہوا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ٹرمپ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکہ ایک بڑے ٹرانزٹ کوریڈور کے قیام میں مدد کرے گا جسے ’ٹرمپ روٹ فار انٹرنیشنل پیس اینڈ پراسپرٹی‘ کا نام دیا جائے گا، جو آذربائیجان کو اس کے خودمختار نخچیوان انکلیو سے جوڑے گا۔