news
پنجاب میں گرمی کے باعث موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ گرمی کی موجودہ صورتحال میں بچوں کو اسکول بلانا خطرناک ہو سکتا ہے، اسی لیے صوبے بھر میں موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اگرچہ اس توسیع سے تعلیمی سلسلہ متاثر ہوگا، لیکن بچوں کی صحت اور سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ فیصلے کے مطابق اب پنجاب کے سرکاری و نجی اسکول 14 اگست کے بجائے یکم ستمبر سے کھلیں گے۔ دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سمیت دیگر صوبوں میں اسکول کھل چکے ہیں اور بچوں کو تین ماہ تک تعلیم سے دور رکھنا ان کے مفاد میں نہیں، خاص طور پر میٹرک کلاسز بری طرح متاثر ہوں گی، اس لیے وزیر تعلیم کو اس فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔