news
جماعت اسلامی کا مینار پاکستان پر تاریخی اجتماع کا اعلان
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 21 تا 23 نومبر کو مینار پاکستان پر ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا، جو گلے سڑے نظام کی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ اس اجتماع میں عالمی اسلامی تحریکوں کے رہنما، فلسطین کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندے اور مختلف پیشہ ورانہ کانفرنسز بھی شامل ہوں گی۔ اجتماع سے قبل ملک بھر میں 30 ہزار عوامی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور بھرپور شرکت کے لیے منظم مہم چلائی جائے گی۔ حافظ نعیم نے عوام کو مینار پاکستان پہنچنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس اجتماع کے بعد جماعت اسلامی ملک گیر پرامن مزاحمتی تحریک شروع کرے گی جو نوجوانوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں اور دیگر مظلوم طبقات کی نمائندگی کرے گی۔ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقے نے عوام کا مستقبل غیر محفوظ کر دیا ہے، مافیاز کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے، شوگر ملوں اور عدالتی نظام پر چند خاندان قابض ہیں، تعلیم اور روزگار کا نظام ناکام ہو چکا ہے، مزدور اور کسان بنیادی حقوق سے محروم ہیں اور ورکنگ ویمن کے لیے محفوظ روزگار کا انتظام موجود نہیں۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ زراعت اور آئی ٹی کے شعبے میں انقلابی اصلاحات کی ضرورت ہے، تاکہ برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مینار پاکستان کا اجتماع سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مظلوم عوام کی آواز ہوگا اور دنیا کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ اسلام کا نظام پوری انسانیت کے لیے نافع ہے۔