news
مسرت جمشید چیمہ کی اسحاق ڈار پر تنقید
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابقہ ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ عمران خان کی مخالفت میں اس قدر آگے نکل چکے ہیں کہ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید کو بھی جائز قرار دے دیا ہے۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اسحاق ڈار عمران خان سے نفرت میں پاتال سے بھی نیچے جا گرے ہیں، یہ حکومت دراصل “گدھوں کا ٹولہ” ہے جو صرف ملک کو نوچنے کے لیے آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل میں رکھنے کی خواہش میں انہوں نے ایسی امریکی سزا کی بھی حمایت کی جو انسانی حقوق کے لحاظ سے متنازع ہے۔ خیال رہے کہ واشنگٹن میں غیر ملکی صحافیوں سے گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی عدالتی نظام کے تحت سزا سنائی گئی، اور یہ سزا قانونی طریقہ کار کے تحت ہوئی، اس لیے اسے تسلیم کیا گیا۔ اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسرت چیمہ نے اس رویے کو ملک دشمنی قرار دیا اور عالمی سطح پر پاکستان کے عدالتی نظام کو مشکوک بنانے کی کوشش قرار دیا۔