news
ایف بی آر کی بدانتظامی سے قومی خزانے کو 397 ارب کا نقصان
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (PAC) کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ایف بی آر کی بدانتظامی اور ڈائریکٹ و ان ڈائریکٹ کسٹم ڈیوٹی کی عدم وصولی کی وجہ سے قومی خزانے کو 397 ارب روپے کا بھاری نقصان پہنچا ہے۔ اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے کی، جس میں مالی سال 2010، 2011، 2013 اور 2014 کی ایف بی آر کی آڈٹ رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آڈٹ حکام نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ 6 ارب 50 کروڑ روپے کا سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) جمع ہی نہیں کی گئی، جبکہ 633 ٹیکس نادہندگان کے خلاف ایف بی آر کے 10 دفاتر نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ حکام کے مطابق قانون کے مطابق ان اداروں کے خلاف بغیر شوکاز نوٹس دیے فوری ریکوری کی جا سکتی تھی، لیکن متعلقہ دفاتر نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث ریاستی خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔