news
ڈی جی آئی ایس پی آر کا جی سی یونیورسٹی میں طلبہ سے خصوصی خطاب
ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کے دوران معرکہ حق یعنی آپریشن بنیان مرصوص کی زبردست فتح کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر انہوں نے بھارت کے ناکام آپریشن سندور کو بھی زیر بحث لاتے ہوئے پاک فوج کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور نوجوانوں کی حب الوطنی کو سراہا۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق اس نشست میں طلبہ نے قومی و معاشرتی امور اور سکیورٹی سے متعلق سوالات کھل کر کیے، جن کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیلی جوابات دیے۔ نشست کے اختتام پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلبہ نے ایک خوبصورت ملی نغمہ پیش کر کے پاک فوج کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور قومی اتحاد کی عمدہ ترجمانی کی۔ طلبہ نے اس نشست کو انتہائی مفید اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی تقریبات کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی۔ اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ قومی نصب العین کی بنیاد پر یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی طاقت کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے روشن مستقبل میں نوجوانوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔