news
روچی گجر کا فلم پروڈیوسر کرن سنگھ پر 23 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام
ممبئی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارتی فلم سو لانگ ویلی کے پروڈیوسر کرن سنگھ پر ماڈل و اداکارہ روچی گُجر نے 23 لاکھ روپے کی مبینہ دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روچی گُجر نے فلم کے پریمیئر کے دوران اسٹیج پر کرن سنگھ کو چپل دے ماری، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ اس واقعے سے ایک روز قبل ماڈل نے اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروائی تھی، جس میں مختلف دفعات کے تحت دھوکہ دہی کا مقدمہ شامل کیا گیا ہے۔ شکایت میں کہا گیا کہ کرن سنگھ نے روچی گُجر سے 23 لاکھ روپے اس وعدے پر لیے کہ وہ انہیں ایک ٹی وی فلم پروجیکٹ میں کاسٹ کریں گے، منافع میں شراکت دیں گے اور اسکرین کریڈٹ بھی دیا جائے گا، مگر بعد میں تمام وعدے توڑ دیے گئے۔ ممبئی پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔