news
اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی ملاقات
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی اور علاقائی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کی قربانیوں کو امریکہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر سٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں اسحاق ڈار کا پُرتپاک استقبال کیا گیا، اور ملاقات میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ سمیت دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔ تقریباً 40 منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات کو اسحاق ڈار نے نہایت مفید اور مثبت قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے گفتگو میں کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام دینا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، جبکہ پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مفادات علاقائی امن کے حوالے سے ہم آہنگ ہیں، اور امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
ملاقات میں ٹیکنالوجی، زراعت، سرمایہ کاری، اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک نے آئندہ انسدادِ دہشتگردی مکالمے کو مزید مؤثر بنانے اور دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ بعدازاں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملاقات کا مقصد دوطرفہ تجارت کو فروغ دینا اور قیمتی معدنیات کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے پاکستان کے انسداد دہشتگردی اقدامات اور علاقائی استحکام کے لیے کوششوں پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔