news
ای سی سی نے سستے گھروں کی تعمیر کی منظوری دے دی
اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں سستے گھروں کی تعمیر کے لیے ایک اہم اسکیم کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ “مارک اپ سبسڈی رسک شیئرنگ اسکیم” کے تحت مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جس کے تحت حکومت 50 ہزار سستے گھروں کی تعمیر میں سبسڈی دے گی۔ اس منصوبے کے تحت عوام کو 20 سے 35 لاکھ روپے تک کا قرضہ فراہم کیا جائے گا، جسے 20 سال کے عرصے میں واپس کیا جا سکے گا۔
اجلاس کے دوران وزارت صنعت نے گھی اور کوکنگ آئل کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی، جس کے بعد ای سی سی نے قیمتوں میں اضافے اور کارٹل سازی کی روک تھام کی ہدایت کی، اور اس ضمن میں مسابقتی کمیشن، نیشنل پرائس کمیٹی اور صوبائی حکومتوں کے مابین قریبی روابط قائم کرنے پر زور دیا۔
اجلاس میں پاکستان اسکل امپیکٹ بانڈ کے اجراء کے لیے ایک ارب روپے کی حکومتی گارنٹی کی منظوری بھی دی گئی تاکہ ملک میں ہنرمندی کے فروغ کو ممکن بنایا جا سکے۔
مزید برآں، شپ بریکنگ ری سائیکلنگ کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے، اسٹیل سیکٹر کی برآمدات پر مبنی ترقی کے لیے اقدامات، اور نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 کے تحت اسٹیل انڈسٹری کے فروغ کا فیصلہ کیا گیا۔ ریڈیو بیسڈ سروسز کے چارجز پر نظرثانی کی منظوری بھی دے دی گئی، جب کہ ایک نجی کمپنی کو گیس ٹیرف میں رعایت سے متعلق سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت ہاؤسنگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لو کاسٹ ہاؤسنگ سے متعلق جامع ڈیٹا بیس تیار کرے اور اس سلسلے میں وفاقی و صوبائی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی جائے۔