news
اسد عمر: 9 مئی کے ملزمان تشدد کے قائل نہیں
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ 9 مئی کے کیسز میں سزائیں پانے والے افراد تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، میں ان سب کو ذاتی طور پر جانتا ہوں اور ان کے ساتھ میری مکمل ہمدردی ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پی ٹی آئی کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔ اسد عمر نے زور دیا کہ تمام مسائل کا حل سیاست کے ذریعے نکالا جائے اور اعلیٰ عدالتوں میں اپیل سے انصاف ملنے کی امید ہے۔
قبل ازیں انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے کیسز میں اسد عمر کی عبوری ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ان کی ضمانت میں 19 ستمبر 2025 تک توسیع کر دی۔ سماعت ایڈمن جج منظر علی گل نے کی، جہاں اعظم سواتی بھی پیش ہوئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء سے عبوری ضمانتوں پر دلائل طلب کیے ہیں۔
دوسری جانب شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ان مقدمات میں دیگر کئی پی ٹی آئی رہنماؤں، جن میں عارف علوی، علی امین گنڈاپور، عمر ایوب، اسد قیصر، حماد اظہر، اور دیگر شامل ہیں، کے خلاف بھی وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں