news

سیارہ: آہان پانڈے اور انیت پڈا کی ڈیبیو فلم باکس آفس پر کامیاب

Published

on

رومان، موسیقی اور زندگی و موت کی کشمکش سے بھرپور موہت سوری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم سیارہ نے ریلیز کے ساتھ ہی باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا ہے۔ آہان پانڈے اور انیت پڈا نے اس فلم سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور اپنی جاندار اداکاری سے ناظرین کو متاثر کیا۔ فلم نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے دنیا بھر سے 13.80 ملین ڈالرز کمائے، جن میں سے 2 ملین ڈالرز صرف بیرون ملک سے حاصل ہوئے۔ اس فلم کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر کہانی مضبوط ہو، اداکاری میں جان ہو اور ہدایتکاری معیاری ہو تو نئے چہروں کے ساتھ بھی کامیابی ممکن ہے۔

فلم ’سیارہ‘ نے روایتی بالی ووڈ پروموشن کو بالکل نظر انداز کیا؛ نہ پریس کانفرنسیں، نہ ریڈ کارپٹ، نہ انٹرویوز۔ اس کے باوجود فلم کو سپورٹ اس وقت ملی جب اننیا پانڈے نے آبدیدہ انداز میں فلم کی حمایت کی، عالیہ بھٹ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کیا اور کرن جوہر نے فلم پر دل کو چھو لینے والا تبصرہ کیا۔ ساتھ ہی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں ایک شخص آئی وی ڈرپ کے ساتھ فلم دیکھنے کی ضد کر رہا تھا، جسے بعض لوگ ’جینیئس مارکیٹنگ‘ قرار دے رہے ہیں۔

فلم کی کہانی کرش (آہان پانڈے) کے گرد گھومتی ہے جو ایک بگڑا ہوا مگر باصلاحیت موسیقار ہے، جبکہ وانی (انیت پڈا) ایک خاموش طبیعت لڑکی ہے جو صحافی بننے کی خواہش رکھتی ہے۔ ان کی محبت اس وقت آزمائش میں پڑتی ہے جب وانی کو ’ارلی آنسیٹ الزائمر‘ کی بیماری لاحق ہو جاتی ہے۔ کچھ ناقدین نے فلم کو ہالی ووڈ فلم The Fault in Our Stars اور کورین فلم A Moment to Remember سے مماثل قرار دیا ہے اور کہانی کی اصل نوعیت پر سوال بھی اٹھائے ہیں، لیکن فی الحال فلم کی کامیابی اور اس کی ذہین مارکیٹنگ نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

مزید انکشافات اور اس کی جینیئس مارکیٹنگ کے راز آئندہ دنوں میں مزید منظر عام پر آ سکتے ہیں، لیکن فی الوقت فلم ’سیارہ‘ نہ صرف نئی جوڑی بلکہ ایک نئی سوچ کی نمائندہ بن کر سامنے آئی ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version