news
ڈی جی آئی ایس پی آر : قومی یکجہتی دشمن کے عزائم کی راہ میں رکاوٹ
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور ترقی پسند ملک ہے اور یہاں بسنے والے تمام لوگ مذہبی، ثقافتی اور قومی ہم آہنگی کی بنیاد پر یک دل اور یک جان ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی طاقت کا اہم ستون ہے اور دشمن کو ہماری قومی یکجہتی کے باعث ہمیشہ ناکامی اور مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں حاصل ہونے والی کامیابی کو پوری قوم کی اجتماعی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ وطن عزیز کے روشن مستقبل میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور سیشن کے دوران جذبے سے لبریز اظہارِ خیال کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بلوچ عوام پاکستان سے تاریخ، مذہب، روایت اور ثقافت کے گہرے رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، اور مٹھی بھر دہشت گرد ملک کی ترقی اور خوشحالی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے اس کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ترجمان پاک فوج نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا تھا جہاں طلبہ اور انتظامیہ نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو ایک ناقابلِ فراموش باب قرار دیا۔ فیکلٹی ممبران نے مستقبل میں مزید انٹرایکٹو سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا