news

بیرسٹر گوہر: تنقید کرنے والے کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا

Published

on

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے عمران خان کی بہنوں کے خلاف بیان بازی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ جو بھی پارٹی رکن، عہدیدار یا کارکن، چاہے وہ پارٹی کے اندر ہو یا سوشل میڈیا پر، عمران خان کی فیملی خصوصاً ان کی بہنوں کے خلاف کوئی بات کرے گا، اسے فوراً پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی تینوں بہنیں سیاست میں نہیں ہیں، وہ صرف اپنے بھائی کی رہائی کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں اور ان پر تنقید سراسر غیر منصفانہ ہے۔ انہوں نے شیر افضل مروت کے مؤقف کو بھی غلط قرار دیا۔

انہوں نے 9 مئی کے مقدمات اور ٹرائلز پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ 39 ارکانِ اسمبلی پر مقدمات درج ہیں، کچھ کو سزائیں ہو چکی ہیں جبکہ مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ وہ کسی کو صادق و امین قرار دینے کا اختیار نہیں رکھتا جیسا کہ سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمران خان کا واضح پیغام ہے کہ پارٹی کی اندرونی باتیں اب باہر نہیں آئیں گی اور تحریک پر مکمل توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج کے حق میں ہے جس میں ایک گملا بھی نہ ٹوٹے۔ انہوں نے عمران خان کے بچوں سے متعلق دعویٰ کیا کہ جب وہ پاکستان آئیں گے تو ان کا ایسا تاریخی استقبال ہوگا جو کسی اور سیاستدان کو نصیب نہیں ہوا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کسی ڈیل کے تحت باہر نہیں آئیں گے، وہ اب بھی “ایبسولوٹلی ناٹ” کے بیانیے پر قائم ہیں اور کسی بھی بیرونی مداخلت کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version