news
فواد خان اور وانی کپور کی فلم ’عبیر گلال‘ پر پابندی
بھارتی اداکارہ وانی کپور نے پاکستان کے معروف اداکار فواد خان کے ساتھ بنائی گئی فلم عبیر گلال پر عائد پابندی پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وانی کپور کا کہنا تھا کہ فلم کی تیاری کے وقت دونوں ممالک کے حالات نارمل تھے اور فلم سازوں نے اس کی ریلیز کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے تھے۔ تاہم پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے بعد جب فلم پر دباؤ آیا، تو فلم کی ریلیز روکنے کا فیصلہ عوام اور حکومت کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے کیا گیا۔
وانی کپور نے وضاحت کی کہ فلم ’عبیر گلال‘ میں کوئی ایسا مواد شامل نہیں ہے جو کسی کے جذبات کو مجروح کرے۔ بلکہ یہ ایک رومانوی فلم ہے جو محبت اور امن کا پیغام دیتی ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی نیت کسی کو دکھ دینا یا تنازع پیدا کرنا نہیں تھی بلکہ فن کے ذریعے مثبت جذبات کو فروغ دینا مقصد تھا۔
یاد رہے کہ فواد خان اور وانی کپور فلم عبیر گلال میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں لیکن پاک بھارت کشیدگی کے باعث اس فلم کی ریلیز روک دی گئی، جو شدت پسند حلقوں کے دباؤ کا نتیجہ سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم دونوں فنکاروں کے مداح اب بھی فلم کی ریلیز کے منتظر ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ حالات بہتر ہونے پر یہ فلم سینما گھروں کی زینت بنے گی