news

اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت کو گرفتار کرلیا

Published

on

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما راجہ بشارت کو اسلام آباد پولیس نے اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ اپنے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ہمراہ الیکشن پیٹشن کی سماعت کے لیے الیکشن ٹریبونل میں پیشی کے بعد باہر نکل رہے تھے۔ پولیس نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کیا اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ نیو ٹاؤن منتقل کر دیا۔ راجہ بشارت راولپنڈی کے حلقہ NA-55 کے کیس میں پیش ہوئے تھے۔ ان کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ تمام مقدمات میں راجہ بشارت کی ضمانت منظور شدہ ہے اور پولیس کو ضمانت نامے بھی دکھائے گئے، اس کے باوجود انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کا مؤقف تھا کہ انہیں گرفتاری کا حکم ملا ہے، اگر کوئی بات کرنی ہے تو تھانے آ کر افسران سے رابطہ کیا جائے۔ راجہ بشارت کی وکلا ٹیم ضمانت ناموں سمیت تھانے پہنچ گئی۔ گرفتاری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجہ بشارت نے کہا کہ وہ تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں اور ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل راجہ بشارت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ اور توڑ پھوڑ کے مقدمات میں عدالت میں خود کو سرنڈر کیا تھا اور وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کی درخواست دائر کی تھی، جو عدالت نے منظور کرلی تھی۔ ان مقدمات میں بانی پی ٹی آئی، مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ رمنا میں مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں کچھ رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ راجہ بشارت سمیت کئی افراد کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version