news
ڈی ایچ اے راولپنڈی میں سیلابی ریلے کا شکار: ریٹائرڈ کرنل کی لاش برآمد
راولپنڈی کے پوش علاقے ڈی ایچ اے میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی کی لاش دریائے سواں کے کنارے سے برآمد کر لی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، شدید بارشوں کے باعث شہر کے کئی علاقے زیر آب آ گئے تھے، ڈی ایچ اے اسی دوران 64 سالہ سابق فوجی افسر اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے نکلے لیکن راستے میں گاڑی خراب ہو گئی۔ تیز بہاؤ کے باعث اچانک آیا ہوا سیلابی ریلہ دونوں باپ بیٹی سمیت گاڑی کو بہا لے گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، متاثرہ افراد مدد کے لیے آوازیں لگاتے رہے، تاہم تیز بہاؤ کی وجہ سے کوئی بھی بچاؤ ممکن نہ ہو سکا۔ واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں، پولیس، اور غوطہ خوروں پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے سرچ آپریشن کا آغاز کیا، جس دوران پہلے گاڑی کے مختلف حصے، جیسے بمپر، سائیڈ مرر، بونٹ اور دروازہ دریائے سواں کے پل کے نیچے سے برآمد ہوئے۔ بعدازاں کرنل اسحاق قاضی کی لاش بھی مل گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اب بھی متاثرہ خاتون کی تلاش جاری ہے اور پانی کی سطح میں کمی کے باعث امید ہے کہ جلد سرچ آپریشن مکمل کر لیا جائے گا۔ حکام کے مطابق، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارشوں کا سلسلہ تھمنے کے بعد دریائے سواں کے داخلی و خارجی مقامات پر کارروائی تیز کر دی گئی ہے تاکہ لاپتہ خاتون کو تلاش کیا جا سکے