news
ڈی جی آئی ایس پی آر کا دورہ کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی، نوجوانوں سے خطاب
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے لاہور میں واقع کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں ان کا طلباء اور انتظامیہ کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاک افواج کی حکمت عملی اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ کامیابیاں عوام کی حمایت، خصوصاً نوجوانوں کی شمولیت سے ممکن ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور بلوچ عوام پاکستان سے اپنے تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور روایتی رشتوں میں جُڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان یا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روک سکتے۔
یونیورسٹی کے دورے کے دوران طلباء و طالبات اور اساتذہ نے افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور مزید انٹرایکٹو سیشنز کی خواہش ظاہر کی۔ اس کے علاوہ آئی ایس پی آر کی سمر انٹرن شپ 2025 میں ملک بھر کے 33 شہروں سے 6500 سے زائد طلباء و طالبات شریک ہیں، جو 150 سے زائد یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے انٹرن شپ میں شریک نوجوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے نوجوانوں کو قومی بیانیے کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل انہی نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔ طلباء نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھارتی عزائم کو ناکام بنانے پر افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہیں گے، اور دشمنوں کی ناپاک کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے