news
سلمان اکرم راجہ: 9 مئی کیسز میں سزاؤں کیخلاف چیف جسٹس کو خط
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں دی گئی سزاؤں کے خلاف وہ چیف جسٹس آف پاکستان کے پاس رجوع کریں گے، انہیں خط بھی لکھا جائے گا اور عدالت میں باضابطہ پٹیشن دائر کی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ مقدمات اور ان کی سزائیں محض پی ٹی آئی رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالنے کے لیے ایک طے شدہ منصوبے کا حصہ ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے جیو نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو پہلے بھی مختلف مقدمات میں سزائیں دی جا چکی ہیں اور اب منصوبہ سازوں کا ارادہ ہے کہ مزید رہنماؤں کو بھی سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہزاروں کارکنوں اور ووٹرز کے خلاف مقدمات قائم کیے گئے ہیں، اور یہ سب کچھ فیئر ٹرائل کے اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، جو عدالتی تاریخ کا ایک سیاہ باب بن رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کے احکامات کی بنیاد پر جو عدالتی کارروائیاں ہو رہی ہیں، ان سے عدالت عظمیٰ کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو سزائیں دے کر قید کرنے کے لیے ایک “ڈیڈلائن” مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ افراد جنہوں نے پریس کانفرنسیں کر کے علیحدگی کا اعلان کیا، انہیں فوری رہا کر دیا گیا، جبکہ باقی افراد کے خلاف مقدمات تیزی سے آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 9 مئی کے مقدمات میں دی گئی سزاؤں کے خلاف قانونی اور سیاسی دونوں محاذوں پر مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف سیاسی ورکرز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی لڑائی ہے اور احتجاجی تحریک چلانا آئینی و قانونی حق ہے، جس سے ہرگز دستبردار نہیں ہوا جائے گا