news
نومئی کیس: یاسمین راشد سمیت 9 افراد کو 10 سال قید، شاہ محمود قریشی بری
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نومئی کیس کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ، سینیٹر اعجاز چودھری سمیت 9 افراد کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ فیصلے کے مطابق مقدمے میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور حمزہ عظیم سمیت 6 ملزمان کو بری کر دیا گیا ہے۔ نومئی کیس عدالت نے یہ فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد سنایا، جو تھانہ سرور روڈ کے مقدمہ نمبر 97/23 سے متعلق تھا۔
عدالت کی جانب سے سزا پانے والوں میں خالد قیوم، ریاض حسین، علی حسن اور افضال عظیم پاہٹ بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بھی 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ سرگودھا میں پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بچھر کو سزا سنائی گئی، جس کے باعث ان کی نااہلی اور نشست خالی ہونے کا امکان ہے۔ مزید برآں، میانوالی کے موسیٰ خیل تھانے کے کیس میں بھی 32 ملزمان کو 10 سال قید کی سزائیں دی گئی ہیں۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بھی 9 مئی کے ایک مقدمے میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عبدالطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 افراد کو 10 سال قید کی سزا سنائی، جو اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ 9 مئی کے واقعات سے جڑے کیسز میں ملک بھر میں سخت عدالتی فیصلے سامنے آ رہے ہیں۔