news
راولپنڈی ڈی ایچ اے میں برساتی ریلے میں کار بہہ گئی، والد اور بیٹی لاپتا
راولپنڈی کے پوش علاقے ڈی ایچ اے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں تیز بارش کے نتیجے میں بننے والے برساتی ریلے میں ایک گاڑی بہہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق 64 سالہ ریٹائرڈ کرنل اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے نکلے اور ایک برساتی نالے کے قریب سے گزرنے کی کوشش کی۔ تاہم پانی کے تیز بہاؤ نے گاڑی کو بہا لیا، جس کے باعث دونوں باپ بیٹی بھی پانی میں ڈوب گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں سوار افراد مدد کے لیے لوگوں کو آوازیں دیتے اور ہاتھ ہلاتے رہے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ ریسکیو 1122 اور پولیس کے غوطہ خوروں پر مشتمل ٹیموں نے متاثرین کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
مزید بتایا جا رہا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں حالیہ تیز بارشوں نے شہر کے کئی نشیبی علاقوں کو زیر آب کر دیا ہے۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سمیت کئی دیہات مثلاً باغ راجگان، کھڑکن اور سوہاوہ شدید متاثر ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں، اڈیالہ سرکل اور بسکٹ فیکٹری چوک پر بھی پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، جب کہ شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں