news

گیتا گوپیناتھ کا آئی ایم ایف سے سبکدوشی کا اعلان

Published

on

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر گیتا گوپیناتھ نے اگست کے اختتام پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں بطور گریگوری اینڈ اینیا کافی پروفیسر آف اکنامکس اپنی نئی تعلیمی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ گیتا نے جنوری 2019 میں آئی ایم ایف میں بطور چیف اکانومسٹ شمولیت اختیار کی تھی اور جنوری 2022 میں فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر ترقی پائی۔ ان کے دور میں عالمی معیشت نے کورونا وبا، مہنگائی، جنگوں اور تجارتی نظام کی ازسرنو ترتیب جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا، جن سے نمٹنے میں گیتا کی قیادت میں آئی ایم ایف نے کلیدی کردار ادا کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے گیتا گوپیناتھ کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شاندار فکری رہنما اور غیر معمولی رفیق کار قرار دیا۔ گیتا نے نہ صرف پالیسی سازی میں رہنمائی فراہم کی بلکہ عالمی رپورٹ “ورلڈ اکنامک آؤٹ لُک” کے معیار کو بھی بہتر بنایا۔ انہوں نے کورونا وبا کے دوران ویکسینیشن کے لیے عالمی منصوبے کی تیاری میں نمایاں کردار ادا کیا۔ گیتا کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف میں کام کرنا ان کے لیے باعث فخر رہا اور وہ اس تجربے کو تعلیمی میدان میں استعمال کرتے ہوئے نئی نسل کو معاشی میدان میں تربیت دینے کی خواہشمند ہیں۔ آئی ایم ایف نے اعلان کیا ہے کہ ان کے جانشین کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version