news
علیزے شاہ کا تہلکہ خیز انکشاف: فیشن شو میں جان بوجھ کر گرایا گیا
پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ علیزے شاہ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے انڈسٹری میں اپنے ساتھ ہونے والی بدسلوکی اور فیشن شو کے دوران پیش آنے والے واقعے کی حقیقت بیان کی ہے۔ علیزے شاہ نے دعویٰ کیا کہ برائیڈل فیشن شو میں ان کا ریمپ پر گرنا کوئی حادثہ نہیں تھا بلکہ گلوکارہ شازیہ منظور کی دانستہ حرکتوں کا نتیجہ تھا۔ ان کے مطابق شازیہ منظور نے کئی بار اُنہیں پکڑا اور دھکا دیا جس کے باعث وہ اپنا توازن کھو بیٹھیں۔ علیزے نے مزید کہا کہ یہ رویہ شازیہ کی عادت ہے اور اس سے قبل وہ سوشل میڈیا اسٹار جنت مرزا کے ساتھ بھی ایسا سلوک کر چکی ہیں۔ اداکارہ نے اس موقع پر میزبان جگن کاظم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے ان کے گرنے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے اس کا مذاق اُڑایا، جو کہ انتہائی غیر پیشہ ورانہ رویہ ہے۔ علیزے شاہ نے واضح کیا کہ وہ اب انڈسٹری میں موجود ایسے منفی رویوں کے خلاف خاموش نہیں رہیں گی اور ہر ناپسندیدہ سلوک کو بے نقاب کرتی رہیں گی۔ ان کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جہاں صارفین ان کی ہمت اور سچ بولنے کی جرات کو سراہ رہے ہیں۔