news
علیزہ شاہ کا انڈسٹری چھوڑنے کی وجہ پر انکشاف
معروف اور خوبرو اداکارہ علیزہ شاہ نے ڈراموں میں اپنی طویل غیر حاضری کی اصل وجہ بتاتے ہوئے شوبز انڈسٹری کے اندر پائے جانے والے غیر پیشہ ورانہ رویوں، خواتین کے ساتھ نامناسب سلوک اور معاوضہ کی ادائیگی میں تاخیر جیسے مسائل کو نمایاں کیا ہے۔ اداکارہ کے مطابق، وہ انڈسٹری میں صرف اس وقت واپس آئیں گی جب انہیں احترام اور وقت پر حق دیا جائے گا۔ علیزہ شاہ نے خاص طور پر شادی شدہ مرد اداکاروں کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض مرد ساتھی خواتین کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ رکھتے ہیں جسے وہ بالکل برداشت نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ انہیں اپنے جائز معاوضے کے لیے تین سے چار ماہ تک انتظار کرنا پڑا، اور بار بار تقاضا کرنے کے بعد ہی ادائیگی ممکن ہوئی۔ اس رویے کے باعث وہ اب صرف ایسے پروجیکٹس کا انتخاب کریں گی جہاں پیشہ ورانہ ماحول ہو اور وقت پر معاوضہ ادا کیا جائے۔ علیزہ شاہ نے یہ بھی واضح کیا کہ اگرچہ انہیں سوشل میڈیا پر اکثر ان کے لباس پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، تاہم انہوں نے کبھی غیر اخلاقی طریقے سے کام حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔