news

آرمی چیف سے کاروباری رہنماؤں کی ملاقات

Published

on

پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملک کی نمایاں کاروباری شخصیات نے راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں ملکی معیشت، وفاقی بجٹ اور معاشی پالیسیوں سے متعلق تحفظات اور تجاویز پر گفتگو کی گئی۔ اس ملاقات کی قیادت سابق نگراں وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کی، ان کے ہمراہ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (APTMA) کے چیئرمین کامران ارشد، ایس ایم تنویر، لاہور چیمبر اور ایف پی سی سی آئی کے صدور سمیت دیگر اہم کاروباری رہنما بھی شامل تھے۔ ملاقات میں آرمی چیف کو ملکی معیشت کی موجودہ صورت حال اور مستقبل میں درپیش چیلنجز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

گوہر اعجاز نے گفتگو میں کہا کہ کاروباری برادری موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے لیکن پائیدار بہتری کے لیے فوری اور مؤثر معاشی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کاروباری ماحول کو سازگار بنانے، برآمدات بڑھانے اور کپاس کی صنعت کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شرح سود کو مہنگائی کی شرح سے ہم آہنگ کر کے کم کرنا ہوگا تاکہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے۔ گوہر اعجاز نے وفاقی بجٹ میں شامل ان نکات پر بھی تحفظات کا اظہار کیا جن سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے، اور مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے پالیسیوں میں مستقل مزاجی لائے تاکہ معیشت کو مستحکم بنیادوں پر کھڑا کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version