news

سلمان اکرم راجہ: ووٹ کو عزت ملی تو وزیراعظم عمران خان ہوگا

Published

on

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ جس دن اس ملک میں ووٹ کو عزت دی جائے گی، اسی دن عمران خان اس ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی صرف ایک شخص کی آزادی نہیں بلکہ عدالتوں اور پوری قوم کی رہائی کا نشان ہو گی۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ارکان نے دو سال تک فسطائیت کا بہادری سے سامنا کیا، جس پر عمران خان نے بھی جیل سے ان کے لیے تعریفی پیغامات بھیجے۔ انہوں نے 26 ممبران کی معطلی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے، اور کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ دباؤ یا خوف کے باعث پی ٹی آئی احتجاج سے پیچھے ہٹ جائے گی۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ موجودہ نظام جھوٹ کی بنیاد پر کھڑا ہے اور وہ ہر لمحہ اس حقیقت کو اجاگر کرتے رہیں گے۔ نو مئی کے واقعات کے حوالے سے عدالتوں میں پیش کیے گئے ناقابل یقین گواہوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے شواہد انصاف کے ساتھ مذاق کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا بنیادی حق ہے، جو اس حکومت نے جرم بنا دیا ہے، حالانکہ یہ حق انگریز دور میں بھی حاصل تھا۔ صحافت اور سیاست پر موجود پابندیوں کو انسانیت کے خلاف اقدام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ سچ کی بات کرتے ہیں، ان پر گولیاں چلائی جاتی ہیں، لیکن اب یہ سلسلہ مزید نہیں چلے گا۔ سلمان اکرم راجہ نے عدالتوں کی حالت پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اب عدالتی کمرے انصاف سے خالی ہو چکے ہیں اور آواز بلند کرنا بغاوت بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک عمران خان رہا نہیں ہوتے، حقیقی انصاف اور آزادی ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی نمائندگی کرنے والے ارکان اسمبلی نے ہمیشہ جھوٹ کو بے نقاب کیا ہے، مگر ان کی آواز دبانے کی کوشش میں 100 سے زائد ارکان کو باہر کر دیا گیا۔ آخر میں انہوں نے عمران خان کی جیل میں مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کے شدید موسم میں ان کی بیرک میں پنکھے بھی بند کر دیے جاتے ہیں، لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود عمران خان نے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، اور نہ ہی آواز دبانے دی۔ ان کا مؤقف تھا کہ اگر ووٹ آزاد ہوا تو عمران خان وزیراعظم بنے گا اور ملک کی عدلیہ و سیاست دونوں آزاد ہوں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version