news
عافیہ صدیقی کیس: وزیراعظم و کابینہ کو توہین عدالت کا نوٹس
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں رپورٹ پیش نہ کرنے پر وزیراعظم سمیت وفاقی کابینہ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ سماعت کے دوران جسٹس اعجاز اسحاق نے واضح کیا کہ وہ چھٹیوں کے باوجود کیس کو اہمیت دیتے ہوئے عدالت میں پیش ہوئے، مگر حکومت کی جانب سے رپورٹ جمع نہ کرانا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر رپورٹ پیش نہ کی گئی تو کارروائی ضرور ہو گی، کیونکہ عافیہ صدیقی کیس ایک غیر معمولی نوعیت کا معاملہ ہے۔
سماعت میں وکیل عمران شفیق نے بھی سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ حکومت اگر اسٹے آرڈر لینا چاہتی تو سپریم کورٹ میں بنچ فوری بن جاتا، مگر موجودہ حالات میں جسٹس منصور علی شاہ کی موجودگی میں کیس کی سماعت ممکن نہیں۔ اس پر جسٹس اعجاز نے ریمارکس دیے کہ چیف جسٹس آفس نے روستر میں تبدیلی کی، اور اہم کاز لسٹ تک روک دی گئی، جو عدالتی انتظامیہ کی جانب سے انصاف کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ عدلیہ کی عزت اور انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے جوڈیشل اختیارات استعمال کریں گے، اور کسی انتظامی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ چھٹیوں کے بعد پہلے ہی ورکنگ ڈے پر کیس دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔