news

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گورنر ہاؤس میں حلف برداری کو چیلنج کر دیا

Published

on

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور سپیکر صوبائی اسمبلی نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین کی گورنر ہاؤس میں حلف برداری کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت، گورنر خیبرپختونخوا، رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ، الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو شامل کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ اسمبلی اجلاس کے دوران کورم کی نشاندہی پر سپیکر نے اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کیا، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ سپیکر نے حلف لینے سے انکار کیا۔ ان کے مطابق آئین کا آرٹیکل 65 واضح طور پر کہتا ہے کہ اراکین اسمبلی سے حلف اسمبلی ہال میں ہی لیا جائے گا، جبکہ آرٹیکل 255(2) صرف اس صورت میں لاگو ہو سکتا ہے جب حلف لینا ناقابلِ عمل ہو جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کے پاس جوڈیشل اختیارات ضرور ہیں مگر انتظامی طور پر وہ از خود گورنر کو حلف دلانے کے لیے نامزد نہیں کر سکتے، اور نہ ہی اس عمل سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا یا سپیکر کو سنے بغیر کوئی فیصلہ صادر کرنا آئینی طور پر درست ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے 25 اراکین سے گورنر ہاؤس میں حلف لیا تھا، جس کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version