news

خیبرپختونخوا کی مخصوص نشستوں پر اراکین نے حلف اٹھا لیا

Published

on

خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی نے پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر گورنر فیصل کریم کنڈی سے حلف اٹھا لیا۔ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے گورنر کو حلف برداری کا اختیار دیا تھا، جس کے بعد گورنر ہاؤس پشاور میں ایک باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد گورنر نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے 25 اراکین سے حلف لیا۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک پریس ریلیز میں بتایا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر کی جانب سے منسوخ کیے جانے کے باعث نو منتخب ارکان حلف نہیں اٹھا سکے تھے، جس پر الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو مراسلہ بھیج کر کسی موزوں شخصیت کو حلف برداری کے لیے نامزد کرنے کی درخواست کی تھی۔ عدالت کی جانب سے گورنر فیصل کریم کنڈی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی، جنہوں نے احسن انداز میں یہ فریضہ انجام دیا۔ دوسری جانب 21 جولائی 2025 کو سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے لیے بھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور جرگہ ہال میں یہ انتخابی عمل صبح 11 بجے شروع ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے آئی جی پولیس، چیف سیکرٹری اور آئی جی فرنٹیئر کانسٹیبلری کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ سینیٹ انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version