head lines
جنوبی وزیرستان و ٹانک میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کرفیو نافذ
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے جنڈولہ ڈویژن اور جنوبی وزیرستان اپر و لوئر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر آج صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ اس دوران تمام تجارتی مراکز اور بازار بند رہیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق ضلع ٹانک کے جنڈولہ بازار کو بند کر دیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ کوڑ قلعہ سے جنڈولہ تک شاہراہ پر آمد و رفت بھی معطل ہے۔ اسی طرح جنوبی وزیرستان اپر میں جنڈولہ تا مدیجان اور مولے خان سرائے تا تیارزہ بدر تک سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ اسپین کائی رغزائی تا کوٹکئی کے درمیان بھی ٹریفک پر پابندی عائد ہے۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر مسرت زمان نے بتایا کہ تحصیل شکئی سمیت مختلف علاقوں میں بھی کرفیو نافذ ہے اور شکئی بازار سمیت تمام مارکیٹیں مکمل طور پر بند ہیں۔
علاوہ ازیں، وانا تا تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی اور عزیز آباد چوک تا درگئی پل تک آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ صرف ایمرجنسی سفر کی اجازت ہوگی، جو شناختی کارڈ اور باضابطہ اجازت نامے کے بعد ممکن ہو گا۔