news
ملاکنڈ آپریشن: 9 خوارج ہلاک، 8 گرفتار، بھارتی حمایت یافتہ گروہ کا خاتمہ
ملاکنڈ آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے چار روزہ مشترکہ آپریشن کے دوران 9 خوارج کو ہلاک اور 8 کو گرفتار کر لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ملاکنڈ آپریشن 16 سے 20 جولائی تک جاری رہا، جس میں پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق، یہ خوارج بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے اور علاقے میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے انتہائی مہارت کے ساتھ خوارج کے ٹھکانے کو گھیر کر مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 9 دہشتگرد مارے گئے اور 8 کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے دو اہم ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران علاقے کے مقامی افراد نے مکمل حمایت کا اظہار کیا اور ریاست کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو سراہا۔ علاقے میں مزید ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ ملک کو دہشتگردی کے ناسور سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر حامدالرحمن کے مطابق آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا، اور کارروائی کے دوران پکڑے گئے دہشتگردوں میں کچھ غیر ملکی عناصر بھی شامل تھے۔ آپریشن میں پاک فوج، ایف سی، سی ٹی ڈی، الیٹ فورس اور لیویز نے بھرپور شرکت کی، اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا، تاہم ضلع میں سیکیورٹی بدستور سخت رکھی جائے گی۔