news

ایف بی آر کے اختیارات کے خلاف تاجروں کی ہڑتال، ملک بھر میں کاروبار بند

Published

on

ملک کے مختلف شہروں میں ایف بی آر کو دیے گئے اضافی اختیارات کے خلاف تاجر برادری کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال پر آج جزوی اور مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کاروبار معمول کے مطابق چل رہا ہے اور تمام بڑی مارکیٹیں کھلی ہوئی ہیں۔ تاجر تنظیمیں اس معاملے پر دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہیں، جس کے باعث اسلام آباد میں ہڑتال کی حمایت نہیں کی گئی۔ دوسری جانب کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، حیدرآباد اور ملک کے دیگر شہروں میں کاروبار یا تو مکمل طور پر بند ہے یا جزوی طور پر۔ کراچی میں جوڑیا بازار، الیکٹرانکس اور موبائل مارکیٹ، فروٹ و سبزی منڈی سمیت متعدد کاروباری مراکز بند ہیں، جبکہ شہر کی ٹرانسپورٹ اور ریسٹورنٹ تنظیموں نے بھی ہڑتال کی حمایت کی ہے۔ کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی کا کہنا ہے کہ حکومت نے تحریری یقین دہانی نہ کرائی جس پر ہڑتال برقرار رکھی گئی، اور اگر آئندہ اجلاس میں مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج مزید وسیع کیا جائے گا۔ لاہور میں بھی انجمن تاجران کے تمام گروپ ہڑتال میں شریک ہیں، جہاں شاہ عالم مارکیٹ، اکبری منڈی، انارکلی، ہال روڈ، میکلوڈ روڈ، ڈیفنس اور گلبرگ سمیت تمام بڑے تجارتی مراکز بند ہیں۔ تاجر رہنما حاجی مقصود بٹ نے ہڑتال کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کو دیے گئے ناجائز اختیارات کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔ حیدرآباد میں بھی اہم تجارتی مراکز مکمل طور پر بند جبکہ کچھ مقامات پر جزوی ہڑتال ہے۔ پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں سے بھی ہڑتال کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جہاں کاروباری سرگرمیاں یا تو مکمل طور پر معطل ہیں یا محدود پیمانے پر جاری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version